بھٹکل:16/اگست(ایس او نیوز)بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن بھٹکل کے صدر امتیاز ادیاور کی قیادت میں بھٹکلی نوجوانوں نے بنٹوال تعلقہ کول کٹے میں منگلورو کی ہدایہ فاؤنڈیشن کے یوتھ ونگ کی طرف سے منعقدہ دو روزہ ورکشاپ بعنوان ’’سماجی شرکت اور سرمایہ کاری ‘‘ (Social Partnerships and Entrepreneurships) میں شرکت کی۔ جہاں ریاست کرناٹکا کے مختلف مقامات سے قریب 50نوجوان شریک تھے۔
ہدایہ فاؤنڈیشن نےحضرت عمر ؓ کے قول ’’ اجتماعیت کے بغیر اسلام نہیں ، قیادت کے بغیر اجتماعیت نہیں، اوراطاعت کے بغیر قیادت نہیں ‘‘ کےمرکزی مقصد کے تحت ریاست بھر کے نوجوانوں کے لئے دوروزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا تھا۔ جس میں ماہرین نے شرکاء کو بتایا کہ تاریخ سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ انسان بے شمار چیلنجوں اور مشکلات کا سامنا کرتارہاہے،، خاص کر جب وہ سچائی پر قائم رہتاہے تو چیلجنس طوفان کا رخ اختیارکرلیتے ہیں، توہمیں غورکرنا ہے کہ کیسے اجتماعی طورپر ان چیلنجوں کا سامنا کریں، یہ سب کچھ ہمارے اتحاد پر منحصر ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم ایسے افرا د کو تیار کریں جو تخلیقی صلاحیت کا بہترا ستعمال کریں، پیشہ وارانہ طریقہ کار کو استعمال کرنا سیکھیں، بصیرت والے رہنماؤں کو تیارکریں۔ تاکہ ہر سطح پر ہم اہل ثابت ہوں۔یہ سب صرف اس لئے کریں تاکہ اللہ کی رضا اور آخرت میں نجات حاصل کرنی ہے۔ اسی طرح انہو ں نے سماجی سطح پر عملی طورپر کیا کیا کرنا چاہئے اور کس طرح سماج کو بہتر بنایا جاسکتاہے اس کا عملی مظاہرہ بھی کرایا۔ ورکشاپ میں بتا یا گیا کہ انفرادی سطح پرجب ہم تنہائی میں ہوں تو کیسےرہیں اورکیاسوچیں،اسی طرح معاشرے میں کیسےرہیں اور معاشرے کے متعلق مثبت سوچ کیسے اپنائیں۔شخصی تعمیرکےکئی نکات پرروشنی ڈالی گئی ۔ ماہرین نےسیرت رسول ﷺ،صحابہؓ،تابعین، مجاہدین جیسےخالدبن ولیدؓ،سلطا ن صلاح الدین ایوبیؒ،عمر مختارجیسی سیرتوں سےعملی مثالیں پیش کیں۔
بنگلور و سے تشریف فرما ڈاکٹر حبیب ،اورنگ آباد کے محمد دانش ، محمد قاسم منگلورو ، دبئی کے تاجر تنویر احمدو ہ دیگر ماہرین نےمندوبین کو ذہنی تربیت کے گُر سکھائے۔ ورکشاپ میں سماجی شراکت اور سرمایہ کاری کیسے کریں ، قیادت کے کیا معنی ہیں، لیڈرشپ کی تعمیر کیسے ہوتی ہے؟ سماج میں اپنا اثر کیسے پیدا کریں؟ سماج کی تعمیر میں انفرادی اور اجتماعی طورپر پیش آنے والی رکاوٹیں و چیلنجس جیسے اہم نکات کو پیش کیاگیا۔ مندوبین کے درمیان کھیل کے کئی مقابلوں کا اہتمام کرتے ہوئے ان کی ذہنی و جسمانی تندرستی اور یکسوئی پر مرکوز کرنےکی تربیت دی گئی ۔ ورکشاپ میں تمام مندوبین کو تربیتی کیمپ میں شرکت کی سند سے نوازاگیا۔ورکشاپ میں فیڈریشن کے صدر امتیاز ادیاور کی قیادت میں فیڈریشن تعلیمی بورڈ ممبر مبشرحسین ہلارے، اڈوکیٹ آفاق کولا، اڈوکیٹ محمد ہاشم ، پنچایت ممبر سیدعلی مالکی، معتصم فقی آمدا، سنان سدی باپا، مصعب احمد عابدہ، صدیق سعدا، ربیع رکن الدین موجود تھے۔
فیڈریشن کا دورہ : ورکشاپ کے دوران بھٹکل فیڈریشن کی ٹیم نے ہدایہ فاؤنڈیشن کی طرف سے عملی طور پر انجام دئیے گئے سماجی کاموں کو دیکھنے کئی مقامات کا دورہ کیا۔ جس میں صرف بیواؤں اور مطلقہ عورتوں کے لئے بنائی گئی خصوصی کالونی ،مسلمانوں کے پہلے رہائشی ذہنی اپاہج بچوں کے اسکول،سلائی ٹریننگ سنٹر کے علاوہ کئی بہترین خدمات کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ۔اس سے ٹیم کے ممبران کافی متاثر نظر آئے۔